نائیجیریا کے پناہ گزین کیمپ میں آتشزدگی سے 5 افراد ہلاک

Image

ابوجا: نائیجیریا میں بوکو حرام کی جانب سے بے دخل کیے گئے افراد کے لیے قائم پناہ گزین کیمپ میں آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا میں بوکو حرام کے مظالم سے پریشان ہو کر گھر بار چھوڑنے والے شہریوں کے لیے قائم پناہ گزین میں آگ بھڑک اٹھی جو پانچ افراد کی ہلاکت کا باعث بنی۔

امدادی اداروں نے کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی افراد کو اسپتال منتقل کیا، ہلاک ہونے والوں میں 2 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں جب کہ 1500 سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔



پولیس کا کہنا ہے کہ آگ کیمپ کے کچن میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی کیمپوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ان کیمپوں میں 7 ہزار 5 سو افراد رہائش پذیر ہیں جنہیں عالمی اداروں کی جانب سے ادویات اور کھانے پینے کی اشیاء فراہم کی جاتی ہیں۔

اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ میں 30 ہزار سے زائد افراد نے ان کیمپوں میں پناہ حاصل کی جب کہ ایک دہائی سے جاری خانہ جنگی کے باعث  10 لاکھ سے زائد افراد اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔