تین کروڑ صفحات کی لائبریری چاند کی جانب رواں دواں

سائنس
3 مہینے پہلے
Image

لاس اینجلس: انسانی تاریخ، علم اور تہذیب پر کروڑوں صفحات کی ایک لائبریری چاند کی جانب روانہ کی گئی ہے۔

گزشتہ ہفتے اسرائیل نے برشیت نامی ایک خلائی جہاز چاند کی جانب بھیجا ہے اور میں موجود ٹائم کیپسول میں ڈی وی ڈی جسامت کی ایک ڈسک میں انسانی مشترکہ علم و حکمت کے علاوہ دیگر بہت سی معلومات موجود ہیں۔

اسے’ قمری کتب خانہ‘ یا ’لونر لائبریری‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اسے لاس اینجلس کی ایک غیرتجارتی کمپنی آرچ مشن فاؤنڈیشن نےتیار کیا ہے۔ اس کے سربراہ نووا اسپائی ویک کہتے ہیں کہ ان کی تیار کردہ ڈجیٹل لائبریری اگلے 6 ارب سال تک برقرار رہے گی اور یوں لکھی ہوئی کتابوں سے اس کی عمر کہیں زیادہ ہے۔

اسپائی ویک نے کہا کہ انسان کو اپنی غلطیوں سے سبق سیکھنا چاہیے اور اس ضمن میں ماضی کی تاریخ ایک بہترین شے ہے جسے اس ڈجیٹل ڈسک میں شامل کیا گیا ہے۔



اس ڈسک میں آئزک ایسی موو کی سہ جلدی کاوش ’فاؤنڈیشن‘ کا پورا متن موجود ہے۔ اس کے علاوہ اس میں گیت، نغمے، بچوں کی ڈرائنگ اور اسرائیلی تاریخ بھی رکھی گئی ہے۔ وکی پیڈیا انگلش کا پورا متن، لاکھوں کتابیں، درسی کتب اور 5 ہزار زبانوں میں مضامین بھی سموئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈیڑھ ارب سے زائد ایسے مضامین بھی ہیں جو مختلف زبانوں میں ہیں اور ان میں علم و حکمت، تاریخ اور تہذیب کی روداد موجود ہے۔

ساری معلومات جست کے 25 ٹکڑوں پر سموئی گئی ہے۔ ڈسک کے اوپر دیگر نقوش کاڑھے گئے ہیں جس میں لائبریری کے  استعمال کا طریقہ اور دیگر تفصیلات تحریر ہیں۔